قرآن مجید میں اس کا ذکر
فنبذنہ بالعراء وھو سقیم وانبتنا علیہ شجرۃ من یقطین وارسلنہ الی مائۃ الف اوع یزیدون فامنوا فمتعنھم الی حین ہ
اس آیت مبارکہ میں حضرت یونس علیہ السلام کا ذکر ہے کہ جب وہ کمزور اور بیمار تھے تو ان کو کھلے میدان پر کدو کی بیل اگا دی۔احادیث میں کدو کا ذکر اور افادیت
حضرت انس بن مالک سے روایت ہے کہ ایک درزی نے تاجدار رسالت کے کھانے کی دعوت کی۔ میں ان کے ساتھ گیا۔ اس نے جو کی روٹی اور سوکھے گوشت کے سالن میں کدو پیش کیا۔ میں نے دیکھا کہ سرکار تھالی کے اطراف سے کدو کے ٹکڑے تلاش کرکے کھاتے تھے۔ اسی دن کے بعد سے مجھے کدو سے محبت ہو گئی۔ (بخاری۔ ترمذی۔ ابو داؤد)
یہ حدیث بخاری نے چار مختلف مقامات پر کئی ذرائع سے بیان کی ہے اور ہر جگہ الفاظ اور معانی تقریباً یکساں ہیں۔
حضرت انس بن مالک بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم کدو سے محبت کرتے تھے۔ (ابن ماجہ)
حضرت ام المومنین عائشہ صدیقہ فرماتی ہیں کہ حضور سرور کائنات نے فرمایا کہ “جب تم ہانڈی پکایا کرو تو اس میں کدو زیادہ ڈال لیا کرو کیونکہ وہ غمگین دل کو مضبوط کرتا ہے۔“
حضور تاجدار مدینہ سے مروی ہے کہ کدو سینہ کو صاف کرتا اور دل کو قوت دیتا ہے۔ (نزہتہ المجالس۔ جلد ثانی)
حضرت واثلہ رضی اللہ تعالٰی عنہ روایت کرتے ہیں کہ تاجدار مدینہ نے فرمایا۔ “تمہارے لئے کدو موجود ہے کہ یہ دماغ کو بڑھاتا ہے۔ مذید تمہارے لئے مسور کی دال ہے جسے کم از کم ستر پیغمبروں کی زبان پر لگنے کا شرف حاصل رہا ہے۔“ (طبرانی)کدو اور صفراوی امراض
اطباء قدیم کے مشاہدات کے مطابق پیاس بجھاتا ہے اور جگر کی گرمی اور صفراء کو دور کرتا ہے۔ سدے کھولتا اور پیشاب آور ہے۔ پیٹ کو نرم کرتا ہے۔ صفراوی مزاج والے اگر انار شیریں اور سحاق کے ساتھ کھائیں تو جسم پر پھنسیاں ختم ہو جاتی ہیں۔ اس کو سونگھنا بھی مفید ہے اور اس پر مسلنے سے درد سر کو سکون آتا ہے۔ کدو کا بھرتہ کرکے اس کا پانی نکال کر آنکھ میں ڈالنے سے یرقان کی زردی جاتی رہتی ہے۔ جگر کی سوزش میں کدو کا مربہ ازحد مفید ہے۔
کدو قبض کا آسان علاج ہے
کدو کے پتوں کا جوشاندہ قبض کا آسان اور محفوظ علاج ہے۔
کدو امراض چشم میں مفید ہے
اطباء دہلی کڑوے کدو کو خشک کرکے جلا کر شہد میں ملا کر اس کی سلائی ایسے مریضوں کی آنکھوں میں لگاتے ہیں جن کو رات کے وقت ٹھیک نظر نہیں آتا۔
آنتوں کی سوزش اور یرقان کا علاج
حکیم مفتی فضل الرحمٰن یرقان اور آنتوں کی سوزش اور پرانے زکام کے لئے کدو پر آٹا لیپ کرکے گرم تنور میں کچھ دیر رکھتے تھے۔ پھر اس کے پیندے میں سوراخ کرتے تو اس کا سارا پانی نکل جاتا۔ یرقان میں یہ پانی شہد ملاکر پلایا جاتا اور پرانے زکام میں اس کے قطرے ناک میں ڈالے جاتے تھے۔
کدو کے دیگر فوائد
کدو کو کھانڈ کے ساتھ پکا کر دینے سے جنون اور خفقان میں فائدہ ہوتا ہے۔ اس کے پانی کی کلیاں کرنے سے مسوڑھوں کا ورم جاتا رہتا ہے۔ کدو کا چھلکا پیس کر کھانے سے آنتوں اور بواسیر سے آنے والا خون بند ہو جاتا ہے۔ کدو کی بیل کے پتے دست آور ہیں۔ ان کو ابال کر چینی ملاکر پینے سے یرقان کو فائدہ ہوتا ہے۔ خفقان کے مریضوں کا سر مونڈ کر اس پر کدو پیش کر لیپ کیا جائے۔ کدو کے بیج خون نکلنے اور روکنے کو مفید اور جسم کو فربہ کرتے ہیں۔ وید کہتے ہیں کہ یہ بیج ٹھنڈے ہوتے ہیں اور سر درد کو دور کرتے ہیں۔ کدو کا تیل سر میں ملنے سے نیند آتی ہے۔
کدو اور خونی بواسیر
کدو کا گوشت خشک کرکے اس کا جوشاندہ بواسیر اور پھیپھڑوں سے آنے والے خون کی بہترین دوائی ہے۔ کدو کے چھلکے پیس کر روغن زیتون اور مہندی کے پتوں کے ہمراہ کھرل کرنے کے بعد ہلکی آنچ پر پانچ منٹ پکانے کے بعد اسے مریضوں پر آزمایا جن کی بواسیر کا خون بند نہیں ہوتا تھا، خون دو دن میں بند ہو گیا۔
کدو اور پیٹ کی تیزابیت
کدو پیٹ کی تیزابیت میں بھی اکسیر پایا گیا ہے۔ مریض کو خصوصی اہتمام کے بغیر کم مرچ کے ساتھ کئی دن تک کدو کا سالن کھلانے سے آنتوں کی جلن ٹھیک ہو جاتی ہے۔ اکثر میں تو مرض کی شدت میں پہلے روز سے ہی کمی آ گئی۔