Alshifa Natural Herbal Pharma

گرمی کی غذائیں

گرمی کے موسم میں زیادہ پیاس لگتی ہے۔ پسینے کی شکل میں پانی خارج ہوکر جسم کو ٹھنڈا کرتا ہے مگر جسم کے اندر گرمی کی وجہ سے خون کے دوران میں کمی ہوکر سستی اور کاہلی محسوس ہوتی ہے۔ پانی اور نمک کی جسم کو ضرورت ہے۔ ان کی کمی سے بچے‘ بڑے بوڑھے پریشان ہوجاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اس موسم میں کھیرا‘ ککڑی‘ خربوزہ‘ تربوز‘ ٹماٹر‘ ٹینڈے‘ گھیا‘ بھنڈی‘ تری‘ اروی‘ پالک‘ کچے آم‘ پودینہ اور دھنیا وغیرہ پیدا کرکے ہم پر بڑا احسان کیا ہے۔ چھاچھ‘ نمک کی پتلی لسی اور جو کے ستو بھی گرمی سے بچاتے ہیں۔

بھنے ہوئے جو کے ستو گرمی کی شدت کو ختم کرتے ہیں۔ یہ مروجہ مشروبات کا بہتر نعم البدل ہیں۔ ستو پینے سے بھوک بھی نہیں لگے گی اور بار بار پیاس لگنے کی شکایت بھی ختم ہوگی۔ بازار سے جو نہ ملیں تو پرل بار لے کا ڈبہ خریدیئے۔ چھٹانک بھر جو پانی میں ہلکی آنچ پر تقریباً تین پیالی پانی میں پکایئے۔ جو پھٹ جائیں تو اتار کر ٹھنڈا کر لیجیے۔ ایک گلاس جو کا پانی حسب ذائقہ چینی اور تھوڑا سا ٹھنڈا دودھ ملا کر صبح شام پیجئے۔ جو کے دانے چمچے سے کھا لیجیے۔ اس سے آپ کا معدہ ٹھیک رہے گا۔ سینے کی جلن‘ سر کے چکر اور دماغ کی خشکی دور ہوگی۔ پیشاب کی جلن ختم ہوگی۔ یہ ایک بہترین مشروب ہے جو آپ کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھے گا۔ بھنے ہوئے جو کے ستو شکر ملا کر پینے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔

کھانے میں آپ روزانہ رائتہ بنایئے۔ ایک پائو گھئے کا چھلکا اتار کر کددوش کر لیجیے۔ اس میں تھوڑا سا پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر ابالیے۔ ٹھنڈا ہونے پر آدھ کلو دہی پھینٹ کر اس میں گھیا ڈالیے۔ نمک‘ مرچ‘ سفید زیرہ اور تھوڑا سا خشک پودینہ ملایئے۔ رائتہ دسترخوان کے لیے تیار ہے۔ اسی طرح آپ کچی ککڑی اور کھیرے کا رائتہ بھی بنا سکتی ہیں۔ انہیں ابالنے کی ضرورت نہیں۔ ابلے ہوئے بینگن چھلکا اتارنے کے بعد ہاتھ سے مسل کر دہی میں ڈالیں تو بیگن کا رائتہ بن جاتا ہے جو مزیدار ہوتا ہے۔ آپ کے شوہر کو پیاز پسند ہو تو وہ بھی کاٹ کر ڈال سکتی ہیں۔

گرمی کا موسم ہے‘ آپ بازار سے تخم ریحان خریدیے جنہیں عام طور پر تخم ملنگاں کہا جاتا ہے۔ ایک بڑا چمچ تخم ایک بڑے گلاس میں بھگو دیجیے۔ وہ دو تین گھنٹے میں پھول کر سفیدی مائل ہوجائیں گے۔ ان میں ایک گلاس دودھ ملایئے اور برف کوٹ کر ڈالیے۔ چینی ملا کر بچوں کو پلایئے اور خود بھی پیجیے۔ ان سے گرمی کی شدت دور ہوگی۔ ہفتے میں ایک آدھ بار یہ مشروب ضرور پیجیے۔ موسم گرم کی آمد پر گوشت زیادہ استعمال نہیں کرنا چاہیے بلکہ سبزیاں اور تازہ پھل غذا میں شامل کرنا ضروری ہے۔

Leave a Comment

en_USEnglish
Scroll to Top